Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان بن عبدالعزیز طبی معائنے کے بعد ہسپتال سے رخصت

ہسپتال سے مکمل علاج اور کامل صحت یابی کے بعد ڈسچارج ہوئے ہیں(فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز طبی معائنے کے بعد جدہ کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال سے اتوار کی رات رخصت ہوگئے۔
وہ ہسپتال سے مکمل علاج اور کامل صحت یابی کے بعد ڈسچارج ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے اس موقع پر سعودی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عوام اور اپنے ان بیٹوں اور بیٹیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے صحت یابی کے لیے دعائیں کیں‘۔ 
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کی اطلاع پر سوشل میڈیا پر صارفین نے دلی مسرت کا اظہار کیا ہے۔
صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی  شاہ سلمان کو صحت و سلامتی سے نوازتا رہے۔ صحت یابی پر سب خوش ہیں۔
بیشتر صارفین نے درازی عمر کی دعائیں دی ہیں۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار 8 مئی کو جدہ کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں کولونو سکوپی کرائی، اس کا نتیجہ تسلی بخش رہا تھا۔ 
 ایوان شاہی نے بیان میں کہا تھا کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز جدہ کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں طبی معائنے کے لیے داخل ہوئے تھے جہاں کولونو سکوپی کی گئی، نتیجہ مثبت رہا‘۔
بیان میں کہا گیا  تھاکہ’ ’ڈاکٹروں نے معائنےکے بعد شاہ سلمان کو آرام کےلیے کچھ وقت ہسپتال میں رہنے کا مشورہ دیا ہے‘۔ 
قبل ازیں ایوان شاہی نے اعلان کیا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز سنیچر7 مئی کو معائنے کے لیے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔

شیئر: