Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کے دو موبائل فون چوری کر لیے گئے، شہباز گل

شہباز گل کے مطابق ’عمران خان کے جلسہ گاہ جانے کے بعد ائیرپورٹ سے فون چوری کروائے گئے۔‘ (فوٹو: پی ٹی آئی)
تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دو موبائل فون چوری ہو گئے ہیں۔
پیر کو ایک ٹویٹ میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’پرسوں سیالکوٹ میں ایک طرف جان بوجھ کر عمران خان کو کوئی سیکورٹی مہیا نہیں کی گئی اور دوسری طرف ان کے دو فون چوری کیے گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ تو بلکل بوکھلا گئے ہیں۔ خان نے جو وڈیو بیان ریکارڈ کروایا ہے وہ ان فونز سے نہیں ملنا۔ عمران خان کے جلسہ گاہ جانے کے بعد ائیرپورٹ سے فون چوری کروائے گئے۔‘
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پیر کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’رانا صاحب! عمران خان سے قتل کی سازش کے ویڈیو ثبوت لیے بغیر اس کو چھوڑنا مت تاکہ اس کے نئے شوشے اور جھوٹ کو ایکسپوز کیا جائے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’سکیورٹی دیں مگر قوم کے مجرم اور سب سے بڑے فتنے کو اس کی اوقات سے باہر مت کریں۔ چار سال میں عوام کے پیسے پر پروٹوکول کی جو لت اس کو لگ گئی ہے وہ وہی مانگ رہا ہے!
واضح رہے کہ سنیچر کو سیالکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ ’میرے خلاف بند کمروں میں باہر اور ملک کے اندر سازش ہو رہی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ عمران کی جان لے لی جائے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے اور اسے محفوظ جگہ رکھ دیا ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ساری قوم کے سامنے آ جائے گی۔ جو جو اس سازش میں ملوث ہیں ان میں سے ایک ایک کا نام لیا ہے ویڈیو میں۔‘
پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے بعد وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیل جاری کر دی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اورایف سی کے 94 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جن میں اسلام آباد پولیس کے 22 جبکہ ایف سی کے 72 اہلکار شامل ہیں۔

شیئر: