Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کے کامیاب آپریشن کے بعد ایک بچہ چل بسا

 آپریشن کے بعد ایک بچے کی حالت نازک ہوگئی تھی( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریا ض کےکنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال میں یمن کے سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کے کامیاب آپریشن کے بعد ایک بچہ چل بسا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق آپریشن کرنے والی ٹیم  نے بتایا کہ’ ایک بچے میں خون کی گردش میں بہت زیادہ کمی ہوگئی تھی۔ دل نے کام کرنا بند کردیا تھا‘۔ 
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ’سیامی بچوں کے آپریشن کے دوران مشکلات پیش آئیں اور کئی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آپریشن کے بعد ایک بچے کی حالت نازک ہوگئی  اسے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا تھا‘۔ 
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ’دوسرے بچے کی حالت کنٹرول میں ہے۔ اس کے تمام اعضا معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔ اسے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں ماہر سرجنوں کی ٹیم نے طویل اور پیچیدہ آپریشن کے بعد یمن کے سیاجی جڑواں بچوں یو سف اور یاسین کو کامیابی سے علیحدہ  کیا تھا۔
آپریشن کسی وقفے کے بغیر پندرہ گھنٹے تک جاری رہا ۔ ڈاکٹر معتصم الزعبی کی قیادت 24 ڈاکٹروں کی ٹیم نے حصہ لیا جس میں اپنے شعبے کے ماہر ڈاکٹر شامل تھے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ اور سیامی بچوں کے آپریشن کی ٹیم کے قائد ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے بتایا  تھا کہ’ آپریشن  پیچیدہ تھا۔ سیامی بچوں یوسف اور یاسین کے دماغ کے کچھ حصے اور اہم رگیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی تھیں۔ علیحدگی کے بعد پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لیے خصوصی آپریشن کیا گیا‘۔

شیئر: