Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول جلدی واپس آئیں ایسا نہ ہو کہ کرایہ جیب سے دینا پڑے: فواد چوہدری

بلاول بھٹو زرداری نے نے گزشتہ روز اپنے امریکی ہم منصب اینٹونی بلنکن سے ملاقات بھی کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو غیرملکی دوروں سے جلد واپس آنے کا مشورہ دیا ہے۔
فواد چوہدری نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’بلاول صاحب کو مشورہ ہے غیر ملکی دوروں سے آج کل میں ہی واپسی پکڑیں یہ نہ ہو واپسی کا کرایہ آپ کو اپنی جیب سے دینا پڑ جائے، ابو سے ڈانٹ بھی پڑے گی۔‘
واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکہ کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز اپنے امریکی ہم منصب اینٹونی بلنکن سے ملاقات بھی کی تھی۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تجارت اوراقتصادی تعاون پر بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’علاقائی سکیورٹی پر گفتگو بھی ملاقات میں شامل ہے۔ پاکستان جی 77 کی سربراہی کررہا ہے، امریکہ اس سے بہتر تعلقات کا خواہش مند ہے۔
اینٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور بلاول بھٹو کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے۔ ان سے فوڈ سکیورٹی کے مسئلے پر بات ہوگی، یہ اہم چیلنج ہے جس کا پوری دنیا کو سامنا ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات بہتر کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
قبل ازیں انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نیو یارک میں ہونے والے گلوبل فوڈ سکیورٹی سے متعلق اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

شیئر: