بلاول بھٹو شیخ خلیفہ کی وفات پر تعزیت کے لیے امارات جائیں گے
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری النہیان خاندان اور امارات کی قیادت سے شیخ خلیفہ کی وفات پر تعزیت کریں گے۔ (فائل فوٹو)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کے لیے متحدہ عرب امارات جائیں گے۔
پیر کو ترجمان دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آج (پیر) کو متحدہ عرب امارات جائیں گے اور النہیان خاندان، امارات کی قیادت اور عوام سے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شیخ خلیفہ کے انتقال سے متحدہ عرب امارات بصیرت رکھنے والے ایک رہنما سے محروم ہو گیا ہے جنہوں نے ملک کی ترقی کے لیے اصلاحات متعارف کروائیں۔‘
شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات سے پاکستان ایک مخلص دوست اور پارٹنر سے بھی محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان بردرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کی دعائیں النہیان خاندان اور اماراتی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔