ابرارالحق کی کرن جوہر کو قانونی کارروائی کی دھمکی
اتوار 22 مئی 2022 17:09
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فلم ’جگ جگ جیو‘ میں ابرار الحق کا گانا ’نچ پنجابن‘ استعمال کیا گیا ہے۔ (تصویر: ابرار الحق/فیس بک)
پاکستانی گلوکار ابرارالحق نے انڈین ہدایتکار کرن جوہر کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے گانے کو بغیر اجازت استعمال کرنے پر ان کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔
واضح رہے ’دھرما پروڈکشنز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم ’جگ جگ جیو‘ 24 جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی اور اس فلم میں ابرار الحق کا گانا ’نچ پنجابن‘ استعمال کیا گیا ہے۔
ابرار کا اتوار کو ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’میں نے اپنا گانا نچ پنجابن کسی انڈین فلم کو نئی بیچا ہے اور میں عدالت جاکر ہرجانہ وصول کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔‘
انہوں نے کرن جوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’کرن جوہر کی طرح کے ہدایتکاروں کو نقل کیے گئے گانے استعمال نہیں کرنے چاہییں۔ یہ میرے چھٹے گانے کی نقل کی گئی ہے جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
فلم ’جگ جگ جیو‘ میں مرکزی کرداروں میں انیل کپور، نیتو سنگھ، ورن دھون اور کائرہ ایڈوانی نظر آئیں گے۔