سرباز علی اور شہروز کاشف نے دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی سر کر لی
نیپال میں واقع مکالو چوٹی کی بلندی آٹھ ہزار چار سو 63 میٹر ہے (فائل فوٹو)
پاکستان کے دو کوہ پیماؤں سرباز علی خان اور شہروز کاشف نے ماؤنٹ مکالو پہاڑ کو سر کر لیا جو کہ دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ہے۔
نیپال میں واقع ماؤنٹ مکالو چوٹی کی بلندی آٹھ ہزار 463 میٹر ہے، جس کو دونوں پاکستانی کوہ پیماؤں نے سنیچر کی صبح سر کیا۔
شہروز کاشف کے فیس بک پیج سے ان کے فالورز کے لیے یہ خبر جاری کی گئی کہ انہوں نے پاکستانی وقت کے مطابق صبح سات بجے ماؤنٹ مکالو کو سر کیا۔
الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے سنیچر کی صبح جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سرباز خان اور شہروز کاشف نے کیارہویں آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹی پر پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا ہے۔
الپائن کلب کے سیکریٹری کرار حیدری کے مطابق مکالو دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سرباز علی خان وہ کوہ پیما بن گئے ہیں جنہوں نے نیپال میں موجود آٹھ ہزار میٹر کی تمام چوٹیاں سر کر لی ہیں۔
شہروز کاشف دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں جنہوں نے پانچ بلند چوٹیاں سر کر لی ہیں۔ شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بھی ہیں۔
اسی طرح سرباز علی خان نے آٹھ ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 میں سے 11 ویں چوٹی کو سر کیا ہے۔
چند روز قبل ہی سرباز علی خان نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا کو سر کیا تھا۔