منی لانڈرنگ کیس: وزیراعظم اور وزیراعلٰی پنجاب کی عبوری ضمانت میں توسیع
وزیراعظم 21 مئی کو بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور کی خصوصی عدالت نے 16 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں چار جون تک توسیع کر دی ہے۔
سنیچر کو کیس کی سماعت سپیشل کورٹ سینٹرل کے جج اعجاز حسن اعوان نے کی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ وزیراعظم کی پیشی کے وقت عدالت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عبوری ضمانت کی توثیق پر دلائل مکمل کر لیے جبکہ عدالت نے حمزہ شہباز کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔
ایف آئی اے نے 16 ارب روپے منی لانڈرنگ کا چالان اور سلمان شہباز اور دیگر اشتہاری ملزمان کے خلاف جواب بھی جمع کروایا۔
اپنے دلائل میں وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل استعمال کر کے مقدمات بنائے گئے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’کوئی شہادت موجود نہیں جس سے ذاتی مفاد کے لیے اختیارات کا استعمال ثابت ہوتا ہو۔‘
گزشتہ سماعت میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 28 مئی تک توسیع کر دی گئی تھی۔
سپیشل کورٹ سینٹرل نے سلمان شہباز، طاہر نقوی اور ملک مقصود کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔