آپ کی دھمکیوں پر مذاکرات نہیں کریں گے، مریم اورنگزیب
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’آپ نے جھوٹ بول بول کر وقت ضائع کر دیا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’الیکشن کی تاریخ دے رہی ہوں جو اگست 2023 ہوگی۔ مذاکرات اگر اس بات پر کرنے ہیں تو گھر پر ہی کریں۔ آپ کی دھمکیوں پر مذاکرات نہیں کریں گے۔‘
سنیچر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’آپ نے جھوٹ بول بول کر وقت ضائع کر دیا ہے۔ جب ہم کہتے تھے کہ مذاکرات کریں تو کہتے تھے میں این آر او نہیں دوں گا۔‘
’آپ نے پی ٹی وی حملہ کیا، پارلیمنٹ پر حملہ کیا اور پھر مبارکبادیں دیں کہ پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ ڈی چوک پر قبریں کھودی گئیں۔‘
مریم اورنگزیب نے کہا ’آپ نے درختوں کو آگ لگائی کوئی جمہوری حق نہیں ہے۔ خونی مارچ کا اعلان کرنا کوئی جمہوری حق نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آپ کی تیاری نہیں تھی تو کیوں آئے۔ آپ کی تیاری اسلحہ اکٹھا کرنے کی تھی۔ اب کہہ رہے عدالت میں پٹیشن لے کر جائیں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ ن لیگ پیسے دے کر ججوں کو خریدتی ہے۔‘
’سپریم کورٹ نے آئین شکنی کا فیصلہ دیا ہے۔ اگر آپ ریاست پر حملہ کرنے کی کوشش کریں گے تو کوئی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آپ 100 سال تیاری کریں، جھوٹ بولیں اب عوام آپ کے ساتھ نہیں ہے۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’آپ عدالتوں پر الزام لگائیں اور پھر کہیں وہ معاملات دیکھیں۔ کوئی کرپشن کا الزام ثابت نہیں کر سکے۔ عدالتوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔‘
’آپ میڈیا کی بلڈنگ پر حملے کرواتے ہیں۔ جیو کی عمارت پر پتھراؤ کیا گیا۔ آپ جب مرضی میڈیا کو بکاؤ کہیں جب وہ آئین کی بالادستی کی بات کرتے ہیں۔‘