103 سالہ باہمت معمر خاتون کا پیرا شوٹ سے چھلانگ لگا کر نیا ریکارڈ
سویڈن میں 103 برس کی معمر خاتون نے جہاز سے پیرا شوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روت لارسن کی عمر 103 برس اور 259 دن ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ ایک اور عمر رسیدہ خاتون کے پاس تھا جن کی عمر 103 سال اور 181 روز تھی۔
اتوار کو چھلانگ لگانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے روت لارسن نے کہا کہ ’میں اس بارے میں کافی عرصے سے سوچ رہی تھی اور اسے کرنے کا بہت مزہ آیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب بالکل ایسے ہی ہوا جیسا پلان کیا گیا تھا۔‘
معمر خاتون نے پیرا شوٹ جمپنگ کے ماہر جوکم جوہانسن کے ساتھ سٹاک ہوم سے 240 کلومیٹر کے فاصلے پر موٹالا میں چھلانگ لگائی۔
دونوں چھلانگ لگانے کے بعد بڑے آرام سے زمین پر اتر گئے۔ لوگوں نے جلدی سے آگے بڑھ کر خاتون کو سنبھلنے میں مدد کی۔
روت لارسن سے پوچھا گیا کہ انہوں نے جمپ لگاتے ہوئے کیسا محسوس کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں آجکل دیکھ نہیں سکتی، لیکن بہت اچھا محسوس کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اوپر سے آہستہ آہستہ نیچے آتے ہوئے بہت اچھا لگا۔‘
اس موقعے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے ایک عہدیدار بھی موجود تھے جنہوں نے اس ریکارڈ کی تصدیق کی اور سرٹیفیکیٹ جاری کیا۔