Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دعائیں قبول نہ ہونے پر‘ مندر کے بُت توڑنے والا شخص گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ 27 سالہ ونود کمار کو جیل بھیج دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں دعائیں قبول نہ ہونے پر مندر میں گھس کر مبینہ طور پر بتوں کو نقصان پہنچانے کے الزام میں  ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر نویدا میں پیش آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے شخص کی شناخت ونود کمار کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی عمر 27 سال ہے جو کہ مدھیا پردیش کے ضلع چھترپور کا رہائشی ہے اور پیشے کے لحاظ سے مزدور ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مندر میں رکھے گئے تین بت پیر کی صبح کو ٹوٹے ہوئے ملے تھے تاہم معلوم نہیں ہو سکا تھا کہ ایسا کس نے کیا کیونکہ مندر میں کوئی موجود نہیں تھا۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسا ونود نامی شخص نے کیا جس کو گرفتار کیا گیا اور توڑ پھوڑ میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تفتیش کے دوران ونود نے بتایا کہ اس کی بیوی اور پانچ سالہ بچہ تین چار سال سے بیمار ہیں۔ ’میں نے بہت دعائیں مانگیں مگر وہ ٹھیک نہیں ہوئے جبکہ چند روز قبل ہی خالہ کا بھی انتقال ہوا، جس پر میں سخت پریشانی میں تھا۔‘
پولیس نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ حالات ونود کمار کو بتوں کی توڑ پھوڑ کی طرف لے گئے۔
ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بتوں کو نقصان پہنچانے کے لیے ہتھوڑے اور چھینی کا استعمال کیا، جن کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ملزم کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 295 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جو کہ عبادت خانوں کی توہین سے متعلق ہے اور ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
 

شیئر: