Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی قونصلیٹ6ہزار آؤٹ پاس جاری کرچکا،شعیب مبارک

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ کے وائس قونصل شعیب مبارک کا کہنا ہے کہ شاہی مہلت کے حوالے سے اب تک 6 ہزار کے قریب آو ٹ پاس جاری کئے جاچکے ہیں ۔ مدینہ منورہ سے آوٹ پاس کے لئے 700 درخواستیں وصول کی ہیں ۔ ارد و نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب مبارک نے مزید بتایا کہ شمیسی ڈیپورٹیشن سینٹر ( ترحیل ) کے ذمہ داروں سے ملاقات مفید رہی ۔ عہدیداروں کو بعض مسائل کے بارے میں مطلع کیا جن کا تارکین کو سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ وہ ہم وطن جو عمرہ ، وزٹ یا حج ویزے پر آکر مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہو گئے تھے اور انکے پاس وہ پاسپورٹ نہیں ہے جس پر وہ مملکت آئے تھے انہیں چاہئے کہ وہ بغیر پیشگی وقت لئے شمیسی ترحیل کے شعبہ فنگر پرنٹس سے رجوع کریں جہاں انکے فنگر پرنٹ سسٹم میں فیڈ کر کے انکا خروج لگا دیا جائیگا جس کے بعد وہ اپنی سیٹ کنفرم کرکے وطن روانہ ہو سکتے ہیں جبکہ ایسے تارکین جن کے پاس انکے پرانے پاسپورٹ موجود ہیں جن پر انہو ںنے مملکت کا سفر کیا تھا وہ ٹکٹ خرید کر براہ راست ائیر پور ٹ چلے جائیں جہاں انکا خروج لگا یا جائے گا ۔ غیر قانونی تارکین کو دی جانے والی 3 ماہ کی مہلت کے حوالے سے شعیب مبارک کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ کی جانب سے ہم وطنوں کی سہولت کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ جدہ کے علاوہ دیگر شہروں میں جہاں قونصلر ٹیمیں مسلسل دورہ کر رہی ہیں ۔ اس ہفتے مدینہ منورہ میں آوٹ پاس حاصل کرنے کیلئے 700 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ وہ تارکین جن کے پاس مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہیں اور انکی معیاد ختم ہو چکی ہے اگر وہ ہنگامی بنیادوں پر اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروانا چاہئیں تو قونصلیٹ کے شعبہ پاسپورٹ سے رجوع کریں جہاں فوری طور پر6ماہ کے لئے انکے پاسپورٹ کی تجدید کر دی جاتی ہے جس کی کوئی فیس نہیں لی جاتی ۔

شیئر: