Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کا ارکان اسمبلی کے استعفے واپس نہ لینے کا اعلان

فواد چودھری نے کہا کہ ’اداروں کے اندر مخصوص لابی حمزہ شہباز کو سپورٹ کر رہی ہے‘ (فائل فوٹو: مسلم لیگ ن)
پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ ’اُس کے ارکان قومی اسمبلی اپنے استعفے واپس نہیں لیں گے۔‘
منگل کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’پارٹی کا اپنے ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘
’ہماری رائے یہ ہے کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی نے ہمارے ارکان کے استعفوں کو قبول کرلیا تھا اور موجودہ سپیکر کو فیصلے کا جائزہ لینے کا اختیار نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز پی ٹی آئی کے لوٹوں کی وجہ سے وزیراعلٰی بنے تھے، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد وہ اکثریت کھو چکے ہیں۔‘
’ہم حمزہ شہباز کے خلاف عدالت میں جائیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ اُن کا دوبارہ الیکشن ہو، پھر ہم ضمنی انتخابات کی جانب جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اداروں کے اندر مخصوص لابی حمزہ شہباز کو سپورٹ کر رہی ہے۔‘
’الیکشن کمیشن ترجیحی فہرست میں موجود پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی کو نوٹیفائی نہیں کر رہا۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر شفاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔‘
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’ہم نے ہر فورم پر، ہر جگہ غیرملکی مراسلے پر بات کی، سپریم کورٹ اس پر کمیشن کیوں نہیں بنا رہی، اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہییں۔‘
فواد چودھری کہتے ہیں کہ ’وفاداری تبدیل کرنے والے رکن راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنا دیا گیا ہے، یہ ملک کے ساتھ کیا مذاق ہو رہا ہے۔‘
’اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر موجود راجا ریاض کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔‘
ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ ’شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر 45 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔‘

شیئر: