Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نصاب میں ہندوستانی مہاراجوں اور بادشاہوں سے متعلق مواد ہونا چاہیے: اکشے کمار

’پرتھوی راج‘ فلم میں اکشے کمار کے مدمقابل مانوشی چھیلر اداکاری کے جوہر دکھائیں گی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے انڈیا کے وزیر تعلیم  سے ہندوستانی بادشاہوں اور مہاراجوں جیسے پرتھوری راج اور مہارانا پرتاب کے بارے میں کہانیاں اور اسباق نصاب کی کتابوں میں شامل کرنے کی اپیل کی ہے۔
اکشے کمار کی نئی فلم ’پرتھوری راج‘ سنیماؤں میں تین جون کو ریلیز ہوگی۔ فلم ’پرتھوی راج‘ کی ڈائریکشن چندرا پرکاش دیویدی نے دی ہے۔ فلم مہاراجا پرتھوی راج چوہان کی زندگی اور کارناموں پر مشتمل ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کو خصوصی انٹرویو میں اکشے کمار کا کہنا تھا کہ ہنودستانی مہاراجوں کے بارے میں مشکل سے کوئی مواد تاریخ کی نصاب کی کتابوں میں آپ کو ملے گا۔  ’نصاب کا بڑا حصہ حملہ آوروں کے بارے میں ہے اور اس پر لکھنے والا کوئی نہیں ہے۔‘
’بدقسمتی سے ہمارے نصاب کی کتابوں میں پرتھوی راج چوہان کے بارے میں دو سے تین سطریں ہیں اور حملہ آوروں کے بارے میں بہت کچھ ہے۔‘
ان کے مطابق ہمارے نصاب میں ہمارے کلچر اور مہاراجوں کے بارے میں کچھ بھی نہیں۔ ’مجھے حیرت ہوئی پرتھوی راج کے بارے میں اتنا کچھ ہے اور ہم اس کے بارے میں نہیں جانتے۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ مرکزی وزیر تعلیم سے اپیل کرنا چاہیں گے کہ اس معاملے کو دیکھیں کہ کیا ہم اس میں تبدیلی کراسکتے ہیں۔
’پھر ہیرا پھیری‘ کے سٹار نے کہا کہ ہمیں نصاب میں توازن کی ضرورت ہے۔ ’ہم اس کو متوازن بناسکتے ہیں۔ میں نہیں کہہ رہا ہوں کہ ہمیں مغلوں کے بارے میں نہیں جاننا چاہیے لیکن اس میں توازن پیدا کریں۔ وہ بھی بہت عظیم تھے۔ ’اس کو سب کے سامنے لائیں، ہمارے بچے مہارانا پرتاب کے بارے میں جاننا چاہیں گے۔‘

اکشے کمار کے مطابق ہمارے نصاب میں ہمارے کلچر اور مہاراجاؤں کے بارے میں کچھ بھی نہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

اس سوال پر کہ ان سے گھر میں سوال نہیں ہوا کہ انہوں نے اکبر یا ٹیپو سلطان کے بجائے فلم کے لیے پرتھوری راج کو ہی کیوں چنا؟ تو ان کا جواب تھا کہ ’میرا بیٹا برٹش راج کے بارے میں جانتے ہیں اور ان کو مغلوں کا بھی پتا ہے لیکن ان کو پرتھوی راج کے بارے میں نہیں پتا۔‘
خیال رہے کہ ’پرتھوی راج‘ نامی فلم میں اکشے کمار کے مدمقابل مانوشی مانوشی چھیلر اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جن کی یہ پہلی فلم ہے۔ مانوشی چھیلر 2017 میں مس انڈیا رہی ہیں۔ فلم میں سنجے دھت اور سونو سود بھی جلوہ گر ہورہے ہیں اور یہ فلم تین جون کو ریلیز ہوگی۔

شیئر: