’زندگی گول گپے کی طرح ہے، پیٹ بھرتا ہے دل نہیں‘ لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر
طویل عرصے بعد عامر خان اور کرینہ نے ایک ساتھ کام کیا ہے (فوٹو: شوبز پیج)
بالی وڈ اداکار عامر خان اور کرینہ کپور کی آنے والی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے۔ ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ہالی وڈ کی سپرہٹ ’فلم فارسٹ‘ گمپ سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلم میں ٹائٹل رول عامر خان نے نبھایا ہے جو کہ ایک معذور بچے کا ہے۔ جس کو اس کی ماں مونا سنگھ اس وجہ سے پہاڑوں پر لے جاتی ہے کہ اس کے بیٹے کے ساتھ معاشرے کے عام لوگوں کی طرح برتاؤ کیا جائے۔
جیسے جیسے ٹریلر آگے بڑھتا ہے۔ لال کے کردار کو بیساکھیوں کے بغیر دوڑے ہوئے دکھایا جاتا ہے، اس کے بعد وہ انڈین فوج میں بھرتی ہوتا ہے اور ملک کی خدمت کرتا ہے۔
ٹریلر میں عامر خان اور کرینہ کپور کے رومانوی مناظر بھی دکھائی دیتے ہیں جبکہ دل ٹوٹنے جیسے جذباتی مناظر بھی اس کا حصہ ہیں۔
ٹریلر کے مطابق عامر خان کرینہ سے شادی کرنا چاہتے ہیں تاہم وہ یہ کہتے ہوئے انکار کر دیتی ہیں کہ ’ہمارا کچھ نہیں ہو سکتا۔‘
ٹریلر کے آخر میں عامر خان بہت بڑی داڑھی اور پگڑی میں دکھائی دیتے ہیں بالکل فارسٹ گمپ کی طرح،
جس میں ٹام ہینکس مکالمہ بولتے ہیں ’امی ہمیشہ سے کہتی آئی ہیں، زندگی چاکلیٹس کے ڈبے کی طرح ہے۔‘
ایسے ہی انداز میں عامر خان کہتے ہیں ’ماں کہتی ہے زندگی گول گپے کی طرح ہوتی ہے، پیٹ بھلے بھر جائے، من نہیں بھرتا۔‘
ٹریلر دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ انسان کو جذبات، مشکلات، امید اور محبت کی رو میں بہا لے جاتا ہے۔
انسٹاگرام پر عامر خان نے بھی اپنے پیج پر بھی اس ٹریلر کو شیئر کیا ہے۔ جس کے ساتھ لکھا گیا ہے، ’دیکھیں لال سنگھ چڈھا کی زندگی کا غیرمعمولی سفر، ایک عام آدمی جس کا دل محبت، امید اور جوش سے بھرپور ہے۔‘
اس کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ ’پیش خدمت ہے لال سنگھ چڈاہ کا ٹریلر، فلم کو 11 اگست کو دنیا بھر کے سینیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔‘