Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجلس شوریٰ نے منتخب اشیاء پر ٹیکس نافذ کرنے کی منظوری دیدی

ریاض - - - - - - مجلس شوریٰ نے منتخب اشیاء پر ٹیکس نافذ کرنے کی منظوری دیدی۔اتوار کو بند اجلاس میں ہونیوالی کارروائی کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مجلس شوریٰ نے کہا کہ منتخب اشیاء پر ٹیکس نفاذ گزشتہ 12سال کی غوروفکر کا نتیجہ ہے ۔ جی سی سی ممالک نے اس سے قبل منتخب اشیاء پر ٹیکس نافذ کرنے کی منظوری دی تھی۔جی سی سی ممالک کے درمیان معاہدے میں یہ بات طے کی گئی تھی کہ سگریٹ ،انرجی اور سافٹ ڈرنکس پر ٹیکس نافذ کیا جائیگا تاہم ارکان ممالک میں سے ہر ایک اس کا نفاذ مناسب وقت پر کرے گا ۔ منتخب اشیاء پر ٹیکس کا نفاذ رواں سال کی دوسری چوتھائی میں ہوگا۔مجلس شوریٰ نے ان کمپنیوں کو ہدایت کی ہے جن کی مصنوعات پر ٹیکس نافذ ہو رہا ہے کہ وہ ابھی سے اس کی تیاری کریں۔ جرمانوں سے بچنے کیلئے نئے فیصلے پر منظوری کے بعد عملدرآمد کریں ۔ مجلس شوریٰ نے منتخب اشیاء پر ٹیکس کے نفاذ کی منظوری کے بعد سفارشات حتمی منظوری کیلئے کابینہ کو ارسال کر دی ۔ واضح رہے کہ منتخب اشیاء میں ان مصنوعات کا شمار ہوتا ہے جو صحت یا ماحولیات کیلئے نقصان دہ ہیں یا پھر ان کا شمار تعیشات میں ہوتا ہے ۔ منتخب اشیاء پر ٹیکس نافذ کرنے کا ذمہ دار ادارہ زکوٰۃ و آمدنی بورڈ ہے ۔جن منتخب اشیاء پر ٹیکس نافذ کیا جا رہا ہے وہ صرف مملکت میں تیار ہونیوالی اشیاء نہیں بلکہ وہ اشیاء بھی ہیں جو بیرون مملکت درآمد کی جاتی ہیں ۔ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ سگریٹ اور انرجی ڈرنکس پر 100فیصد جبکہ سافٹ ڈرنکس پر 50فیصد ٹیکس لاگو ہو گا ۔

شیئر: