Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، قیدیوں کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری

سرکلر میں ماتحت ججوں کو انٹرنیٹ اور لیپ ٹاپ جیسے دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے قیدیوں کی حاضری ویڈیو لنک کے ذریعے لگانے کا حکم دے دیا۔
سنیچر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ عطا ربانی کے دفتر سے جاری سرکلر میں تمام ماتحت ججوں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ اڈیالہ جیل سے قیدیوں کو کچہری لانے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری لگائی جائے۔
سنیچر کو جاری ہونے والے سرکلر کے مطابق ’جن ملزمان کے چالان ابھی جمع نہیں ہوئے، ان کی حاضری جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے لگائیں۔‘
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی جانب سے یہ اقدام سرکاری وسائل اور قومی خزانے کو نقصان سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
سرکلر میں ماتحت ججوں کو انٹرنیٹ اور لیپ ٹاپ جیسے دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے میں وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول 209 روپے 86 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 204 روپے 15 پیسے ہوگئی ہے۔
اس اضافے کے بعد عوامی سطح پر حکومت کے خلاف شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔

شیئر: