صدر بائیڈن کے بیچ ہاؤس پر ’مشکوک‘ طیارے کی پرواز
سیکرٹ سروس کے ترجمان نے کہا ہے کہ انہوں نے مزید کہا کہ ’امریکہ کی خفیہ سروس پائلٹ کا انٹرویو کرے گی۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جو بائیڈن کے بیچ ہاؤس کی پروازوں کے لیے ممنوعہ فضا میں اچانک ایک طیارہ داخل ہو گیا تاہم صدر اور خاتون اول محفوظ رہے۔
امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے وائٹ ہاؤس کے حوالے سے بتایا کہ ہفتے کو ایک چھوٹا نجی طیارہ غلطی سے صدر جو بائیڈن کے بیچ ہاؤس کے اوپر سے ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں اور خاتون اول کو مختصر طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے ریہوبوتھ بیچ، ڈیلاویئر میں ہونے والے واقعے کے بارے میں کہا کہ’صدر اور خاتون اول محفوظ ہیں اور کوئی حملہ نہیں ہوا۔‘
واضح رہے کہ یہ بیچ واشنگٹن سے تقریباً 200 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
وائٹ ہاؤس کے اہلکار نے مزید بتایا کہ بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن بعد میں اپنی رہائش گاہ پر واپس آ گئے۔
صدر کی حفاظت پر مامور سیکرٹ سروس نے کہا کہ طیارہ غلطی سے ایک ممنوعہ علاقے میں داخل ہوا اور اسے ’فوری طور پر باہر لے جایا گیا۔‘
سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے کہا کہ ’دیگر غلطیوں کے علاوہ وہ پائلٹ مناسب ریڈیو چینل پر نہیں تھا اور پرواز سے متعلق ہدایات پر عمل نہیں کر رہا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’امریکہ کی خفیہ سروس پائلٹ کا انٹرویو کرے گی۔‘