ملک کو آگے بڑھانے کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے: وزیراعظم
ملک کو آگے بڑھانے کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے: وزیراعظم
اتوار 5 جون 2022 14:38
وزیراعظم نے کہا کہ ’سابق حکومت نے پی کے ایل آئی کو سیاست کی نذرکردیا۔‘ (فوٹو: شہباز شریف فیس بک)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔
اتوار کو لاہور میں انڈس ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو آگے چلانا ہے تو ہمیں بڑے پیمانے پر مذاکرات کرنا ہوں گے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز سے بات چیت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’گرینڈ ڈائیلاگ کا مقصد یہ ہے اس میں صحت، تعلیم، صنعت اور زراعت کی ترقی کے لیے بات کی جائے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ اچھے لوگ کسی بھی حکومت کے ساتھ کام کریں تو اسے سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ ’ہمیں اپنی پسند ناپسند سے بالاتر ہو کر اور ذاتی انا کو مار کر ملکی مفاد کے لیے کام کرنا ہو گا۔‘
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم نے بڑی کوشش کی لیکن دل پر پتھر رکھ کر قیمتیں بڑھانا پڑیں۔ میں پوری کوشش کروں گا کہ غریب شہریوں پر بوجھ نہ پڑے۔‘
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کو کہا ہے کہ پیک آورز میں میٹرو کے ٹکٹ آدھے کردیے جائیں تاکہ غریب آدمی کو ریلیف دیا جاسکے۔‘
وزیراعظم نے ملک کی بجلی کی لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے پلانٹ موجود ہیں لیکن ساڑھے تین سال تک جو ہوا اس کا حساب کون لے گا۔ ’مجھے آئے ہوئے ڈیڑھ مہینہ ہوا ہے، میں حساب دینے کو تیار ہوں۔ میں نے کہہ دیا ہے کہ دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔‘
شہباز شریف نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یہاں کوئی سیاست کی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن سابق حکومت نے پی کے ایل آئی جو خطے کا بہترین ہسپتال تھا اسے سیاست کی نذرکردیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس ہسپتال میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر بیرون ملک سے اپنی نوکریاں چھوڑ کر پاکستان آئے تھے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اگلی حکومت آئے اور پچھلی حکومت کے قائم کیے گئے ادارے تباہ کردے۔‘
وزیراعظم کی وسیع البنیاد مذاکرات کی تجویز مسترد
پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف کی وسیع البنیاد مذاکرات کی تجویز مسترد کر دی ہے۔
ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نےکہا کہ وسیع البنیاد مذاکرات کاشوشہ، ناکامی اور 50 روز میں پھیلائی گئی معاشی تباہی کا اعتراف ہے۔ ’حکومت 8 ہفتوں میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال چکی ہے۔‘
فرخ حبیب نےکہا کہ غریب عوام پرعذاب بن کرنازل ہونے والوں نے ملک میں سیاسی و معاشی افراتفری کی بنیاد ڈال دی ہے، تیل، بجلی اورگیس کو40 سے45 فیصد مہنگا کرکے معیشت چلانے کے مضحکہ خیزدعوے کررے ہیں۔
’ان کے گرینڈ ڈائیلاگ کے بینیفشری صحت، معیشت اور تعلیم و صنعت نہیں مقصود چپڑاسی ہے۔‘