سعودی عرب کی افغانستان کےلیے 30 ملین ڈالر کی امداد
سعودی عرب کی افغانستان کےلیے 30 ملین ڈالر کی امداد
جمعرات 9 جون 2022 19:03
سعودی عرب نے عطیہ افغان عوام کی مشکلات دور کرنے کے لیے پیش کیا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب نے افغانستان کے انسانیت نواز کریڈٹ فنڈ کی مدد کے لیے 30 ملین ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیاہے ۔
منذکورہ فنڈ اسلامی ترقیاتی بینک ’آئی ڈی بی‘ کی زیر نگرانی ، اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ کے تعاون کے ساتھ کام کررہا ہے ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب نے مذکورہ عطیہ افغان عوام کی مشکلات دور کرنے کے لیے پیش کیا ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ برادر ملک افغانستان میں نازک انسانی حالات بہتر ہوں اور اسے ممکنہ اقتصادی تباہی سے بچا لیا جائے۔ اس کی بدولت علاقائی و بین الاقوامی امن و استحکام پر اچھا اثر پڑے گا۔
30 ملین ڈالر کے عطیہ پروگرام پر سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ہیڈکوارٹر میں دستخط ہوئے ۔ اس موقع پر مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اس سے قبل بھی افغان عوام کو بری اور فضائی راستوں سے امدادی سامان پہنچاتا رہا ہے۔
علاوہ ازیں گزشتہ عشروں کے دوران مملکت نے افغانستان میں متعدد ہسپتال، ہیلتھ سینٹرِز، سکول، انسانیت نواز ادارے اور پانی کی فراہمی نیز فوڈ سیکیورٹی کی سکیمیں نافذ کرائی ہیں۔ ان پر ایک ارب ریال سے زیادہ کی لاگت آئی ہے