Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریض کی کیفیت بتانے والا اسمارٹ پلاسٹر تیار

  لندن ..... برطانوی سائنسدانوں نے برسوں کی تحقیق اور تجربے کے بعد ایسا اسمارٹ پلاسٹر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو مریضوں کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں کو مریض کے بارے میں بہت ساری تفصیلات بروقت بتا دیتا ہے۔ انتہائی ننھے سنسرز سے لیس پٹیاں انفیکشن، انجماد خون اور دوسری بیماریوں کی تشخیص میں ڈاکٹرو ں کی مدد کرسکتی ہیں۔ یہ پلاسٹر عام پٹیوں کی طرح ہے مگر اس کی خاصیت یہ ہے کہ اگر اسے کسی زخم پر باندھ دیاجائے تو اسے پتہ چل جاتا ہے کہ زخم اچھا ہورہا ہے توکتنا اچھا ہوا ہے اور اگر بگڑ رہا ہے تو اس میں کتنا بگاڑ آیا ہے۔ اسے بنانے والوں کا کہنا ہے کہ مریض کے دوسرے طبی مسائل جاننے کیلئے اس پلاسٹر کو کسی اسمارٹ فون سے بھی منسلک کیا جاسکتا ہے اور بہت ساری معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ زخموں وغیرہ پر باندھے جانے کے بعد یہ پٹیاں ڈاکٹروں کو ان کے ٹیلیفون پر یہ بتا دیتی ہیں کہ مریض کی کیفیت کیسی ہے تاہم ابھی تک ان پٹیوں کی آزمائش نہیں ہوئی ہے اور باخبر ذرائع کے مطابق آئندہ سال اس کا عملی تجربہ کیا جائے گا۔ یہ پٹیاں ڈاکٹروں کو مریض کے بارے میں یہ بھی بتا دیتی ہیں کہ معروضی حالت میں مریض کو ایسی کونسی چیزیں کھانے کا سلسلہ ترک کردینا چاہیئے جو اس کی جلد صحت یابی کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ 
 

شیئر: