تبوک میں جھولے کی رسی گلے میں لپٹنے سے سعودی بچہ ہلاک
دوسری جماعت میں زیر تعلیم بچہ سکول جانے کے لیے تیارہوا تھا( فائل فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے تبوک ریجن میں پرائمری سکول کا ایک بچہ جھولے کی رسی گلے میں لپٹ جانے سے دم توڑ گیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی شہری سالم العطوی نے بتایا کہ’ اس کا پوتا محمد سکول جانے سے قبل ملنے آیا۔ میں نے اسے گھر کے قریب واقع بقالے (جنرل سٹور) سے چاکلیٹ خریدنے کے لیے پیسے دیے۔ مجھے کیا پتہ تھا کہ یہ پوتے سے میری آخری ملاقات ہے‘۔
سالم العطوی نے بتایا کہ’محمد پرائمری سکول کی دوسری جماعت میں زیر تعلیم تھا۔ سکول جانے کے لیے تیارہوا تھا تاہم گھر کے قریب جھولے پر چلا گیا‘۔
اس کی چھوٹی بہن نے گھر آکر بتایا کہ’ ایسا لگتا ہے کہ بھائی محمد جھولے پر اپنے مرنے کا ڈرامہ کررہا ہے‘۔
بچے کی والدہ فوری طور پر باہر گئیں اور یہ دیکھ کر چیخ نکل گئی کہ ان کا بیٹا جھولے کی رسی میں لٹکا ہوا ہے۔ فوری طور پر متعلقہ ادارے کو اطلاع دی گئی۔
سالم العطوی نے بتایا کہ’ بچے کا باپ تبوک کی جیل میں قید ہے۔ اس نے پانچ سال سے بیٹے کو نہیں دیکھا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ قسمت کے لکھے پر یقین ہے۔ مجھے اپنا پوتا محمد بے حدعزیز تھا۔ اللہ کے فیصلے پر راضی ہوں‘۔