سیوریج ٹینک میں گرنے والا پانچ سالہ سعودی بچہ کومہ میں
6 روز قبل رفحا کمشنری کے سیوریج ٹینک میں گر گیا تھا(فوٹو سبق)
سعودی عرب کی رفحا کمشنری میں عمارت کے پرانے سیوریج ٹینک میں گرنے سے پانچ سالہ سعودی بچے ’قاسم‘ کی حالت نازک ہے۔
سبق نیوز کے مطابق بچے کے والد محمد عتیق السعدی نے بتایاکہ ’6 روز قبل میرا بیٹا قاسم رفحا کمشنری کے الفیصلیہ محلے میں پرانے سیوریج ٹینک میں گر گیا تھا۔‘
’مصر اور شام سے تعلق رکھنے والے دوغیر ملکی کارکنان نے اسے ٹینک سے نکال کر علاج کے لیے رفحا جنرل ہسپتال منتقل کیا ‘۔
محمد عتیق السعدی نے بتایا کہ’ میرا بیٹا مسلسل بے ہوش اور کومہ میں ہے۔ مصنوعی تنفس لگایا گیا ہے۔ بظاہر اب تک کی تمام کوششیں بے اثر ثابت ہورہی ہیں‘۔
بچے کے والد نے وزارت صحت سے اپیل کی کہ ’ اس کے بیٹے کو ریاض کے کسی بڑے ہسپتال میں علاج کے لیے منتقل کیا جائے‘۔
رفحا جنرل ہسپتال کی درخواستوں کے باجوود کوئی بھی بڑا ہسپتال اسے اپنے یہاں لانے کے لیے تیار نہیں ہے۔