Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی برادری بشار انتظامیہ کو جرائم سے روکنے کیلئے کردار ادا کرے، سعودی کابینہ

ریاض(واس) سعودی کابینہ نے ترک صدر رجب طیب اردگان کو ریفرنڈم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کو امید ہے کہ ریفرنڈم ترکی عوام کے مفاد میں ہوگا۔ پیر کو ریاض میں کابینہ نے اجلاس میں شامی مسئلے پر موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان شیخون میں شامی عوام پر کیمیائی حملہ بشار انتظامیہ کے ہولناک جرائم میں اضافہ کرتا ہے۔ عالمی برادری شام میں سفاک انتظامیہ کو لگام لگانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔کابینہ نے حلب کے دیہی علا قے الفوعہ اور کفریا میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کو دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں پر افسوس ہے۔ یہ دھماکہ ہر لحاظ سے انسانیت کے خلاف ہے۔ بعد ازاں وزیر ثقافت واطلاعات نے میڈیا کو بریفنگ میں کابینہ کی کارروائی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے کوالالمپور میں شاہ سلمان سینٹر برائے امن کے قیام کو سراہا اور کہا کہ اس سے اسلام کی روشن تعلیمات عام ہوں گی ۔ شدت پسندی اور انتہا پسندی میں کمی ہوگی۔کابینہ نے صوما لیہ کے دار الحکومت میں دہشت گردانہ دھماکوں کی بھی مذمت کی ۔ کابینہ نے یقین دلایا کہ سعودی حکومت صوما لیہ کے ساتھ ہے۔ کابینہ نے گزشتہ ہفتہ خطے کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ فلپائن کے صدر اور برطانوی حکام کے دورہ سعودی عرب کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے اونٹوں کے میلے میں شرکت اور نگرانی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی عرب اور امارات کے درمیان نئے اقتصادی معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ معاشی شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون جی سی سی ممالک کے اتحادکی تقویت کا باعث ہوگا۔

شیئر: