شہزادہ فیصل بن سلمان نے ’مدینہ کتاب میلے‘ کا افتتاح کیا
شہزادہ فیصل بن سلمان نے ’مدینہ کتاب میلے‘ کا افتتاح کیا
جمعہ 17 جون 2022 10:36
کتب بینی علمی ضرورت ہے ، محض تفریح نہیں، گورنر مدینہ منورہ(فوٹو، ایس پی اے)
گورنرمدینہ منورہ اورریجنل ترقیاتی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ’مدینہ کتاب میلے ‘ کا افتتاح کیا۔ میلے کا انعقاد فروغ ادب وترجمہ کمیشن نے علاقائی ترقیاتی اتھارٹی کے تعاون سے کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کتاب میلے کی افتتاحی تقریب میں وزیرثقافت حامد بن محمد فیاض اورمدینہ ریجن کے میئرو ترقیاتی اتھارٹی کے سی ای اوانجینئرفہد بن محمد البلیھشی بھی موجود تھے۔ میلہ شاہ سلمان انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈْ کانفرنس سینٹر میں منعقد کیاجارہا ہے۔
اس موقع پرگورنر مدینہ منوررہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’شہرمصطفی ﷺ صدیوں سے علم کا گہوارہ ہے، کتب بینی ایک علمی ضرورت ہے نہ کہ محض علمی تفریح ، اس طرح کی ثقافتی تقریبات کا انعقاد معاشرے کے شعور کو بلند کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے‘ ۔
گورنرمدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے کتاب میلے کا تفصیلی دورہ کیا اورمختلف اسٹالز پررکھی کتابوں کا جائزہ بھی لیا۔
کتاب میلے میں 13 ممالک کے 200 سے زائد اشاعتی ادارے شرکت کررہے ہیں ۔ متعدد زبانوں میں شائع کی گئی 60 ہزار سے زائد عنوانوں کی کتب میلے میں رکھی گئی ہیں۔
کتاب میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادب وترجمہ کمیشن کے سی ای اوڈاکٹر محمد علوان نے کہا ’میلہ کا انعقاد کتب بینی کے شائقین کے لیے مثالی اقدام ہے جو مدینہ منورہ کے مرکز میں منعقد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کتاب میلہ 25 جون تک جاری رہے گا ۔ میلے میں مختلف سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی جن میں علمی سیمینارز، شعری نشستیں، ادبی محفال ، علم وثقافت اور فروغ ادب کے حوالے سے مذاکرے اور دیگر موضوعات شامل ہیں۔