سمر سٹ ..... مختلف جگہوں سے ایسی خبریں آتی ہیں کہ سڑکوں پر اچانک گڑھے ابھر آتے ہیں جو حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ حادثات سے بچنے کیلئے مقامی افراد اس گڑھے کو نمایاں کرنے کیلئے یا تو اس میں ڈنڈے ڈال دیتے ہیں یا اس کے گرد اینٹ اور پتھر رکھ دیتے ہیں تاکہ سڑک سے گزرنے والی گاڑیاں اس سے ہٹ کر چلیں اور محفوظ رہیں۔ یہ ایک عام سا کام ہے جس کے لئے معمولی سا عمرانی شعور درکار ہوتا ہے۔ مگر سمر سٹ کے شہریو ںنے ایسے ہی موقع سے دوچار ہونے کے بعد اپنی خوش مزاجی اور نفاست طبع کا برملا اظہار کیا۔ انہوں نے گڑھے میں مٹی ڈالی۔ اس میں پھول کا پودا لگایا اورچونے کی مدد سے اس پوری جگہ کو گھیر کر نمایاں کردیا جو دیکھنے میں خوش نما لگ رہی ہے اورگاڑیاں چلانے والے دور سے ہی اسے دیکھ لیتے ہیں اور نہ صرف اپنی گاڑیاں بچا کر لیجانے کی کوشش کرتے ہیں اور ان لوگوں کو بھی داد دیئے بغیر نہیں رہ سکتے جنہوں نے اس خوش مزاجی اور نفاست کا مظاہرہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہناہے کہ جس علاقے میں یہاں ایساکام ہوا ہے وہاں خوشحال خاندان ہی رہتے ہیں جن کے لئے گڑھے بھرنا کوئی مشکل کام نہیں تھا مگر شاید ہی کوئی پیسے کے بل بوتے پر اس قسم کی نفاست کا اظہار کرسکتا۔ اطلاعات کے مطابق مقامی رضاکاروں نے یہ کام انجام دیا ہے جو خود کو گوریلا گارڈنرز یا چھاپہ مار باغباںکا نام دیتے ہیں اور جہاں بھی انہیں ایسے گڑھے نظرآتے ہیں وہ اسے بیحد خوبصورت انداز میں بھر دیتے ہیں۔