’دعا زہرہ کو انٹرویوز اور بیرون ملک سفر سے روکا جائے،‘ والدین کا عدالت سے رجوع
بدھ 22 جون 2022 16:30
زین علی -اردو نیوز، کراچی
سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرہ کو مرضی کا فیصلہ کرنے کی اجازت دی تھی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے شہر کراچی سے پنجاب جا کر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کے والدین نے بیٹی کے بیرون ملک سفر اور کسی بھی فورم پر انٹرویو دینے سے روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی ہے۔
بدھ کو دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’دعا زہرا کو بیرون ملک لے جائے جانے کا خدشہ ہے۔ عدالت دعا زہرا کو باہر جانے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔‘
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دعا زہرہ کی عمر کم ہونے کی وجہ سے انہیں کسی بھی فورم پر بات کرنے سے روکا جائے۔‘
’ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں موجود ہے لہٰذا جب تک کیس کا فیصلہ نہ آجائے دعا زہرہ کو پابند کیا جائے۔‘
قبل ازیں پیر کو دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوگی۔
یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرہ کو مرضی کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے دی تھی اور اپنے تفصیلی فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ ’تمام شواہد کی روشنی میں یہ اغوا کا مقدمہ نہیں بنتا۔‘
کیس کا فیصلہ نمٹاتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ ’دعا زہرا اپنی مرضی سے جس کے ساتھ جانا چاہیں یا رہنا چاہیں رہ سکتی ہیں۔‘
پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کو کراچی سے لاہور منتقل کرنے پر والدین نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔