بارشوں کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ، مون سون کا آغاز جون کے آخر میں
ظہیر الدین بابر کے مطابق اگلے دو سے تین دن تک موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں 28 یا 29 جون سے مون سون کا آغاز ہو جائے گا۔
جمعرات کو اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمکہ موسمیات کے ڈائریکٹر فارکاسٹ ظہیر الدین بابر نے کہا کہ 28 یا 29 جون سے مون سون کا آغاز ہو جائے گا جو 15 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے دو سے تین دن تک موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
ہیٹ ویو کے خدشات کے حوالے سے انہوں نے کہا اب اس کا امکان نہیں بلکہ بارشوں کے بعد حبس کی کیفیت ہو گی۔
محمکہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کو ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور اس کے ملحق علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ دنوں پاکستان میں پری مون سون بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں غیرمعمولی کمی ہوئی تھی۔
خیال رہے دو روز قبل پاکستان کی وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ’معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں پاکستان کو 2010 جیسی سیلابی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔‘