Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غریب کو سیٹھ کا سپر ٹیکس بھرنا ہوگا‘، سوشل میڈیا پر نئے ٹیکسوں پر بحث

حکومت کی جانب سے لگائے نئے ٹیکسوں پر سوشل میڈٰیا پر تنقید و تعریف کا ملا جلا رجحان نظر آرہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی حکومت نے جمعے کو بڑی میں بڑی انڈسٹریز پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے۔
جن انڈسٹریز پر ٹیکس لگا ہے ان میں سیمنٹ، سٹیل، چینی، آئل اینڈ گیس، مشروبات اور کیمیکلز، ایل این جی ٹرمینلز، ٹیکسٹائل، بینکنگ، آٹوموبیل، سگریٹ اور فرٹیلائزرز جیسے صنعتیں شامل ہیں۔
حکومت کی جانب سے لگائے نئے ٹیکسوں پر سوشل میڈیا پر تنقید و تعریف کا ملا جلا رجحان نظر آرہا ہے۔
حکومت کے اعلان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر خزانہ حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ’سپر ٹیکس ہماری معیشت کو مزید نچوڑنے کا سبب ملے گا۔‘
ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’اس کا مطلب یہ ہوا کہ پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر مزید ٹیکس لگایا جارہا ہے۔‘
عبدالوحید پیرزادہ نامی صارف نے لکھا ’میڈیا انڈسٹری پر ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ ان پر بھاری ٹیکس لگنا چاہیے۔‘
اسامہ نامی صارف نے لکھا ’یہ امیروں پر ٹیکس نہیں بلکہ سپر ٹیکس کو صارفین کی طرف منتقل کیا جائے گا، مہنگائی بڑھے گی اور ترقی رکے گی۔‘
عمر فاروق نامی صارف نے کہا کہ ’جو لوگ سیمنٹ اور چینی پر ٹیکس لگنے کا جشن منا رہے ہیں یاد رکھیں سیٹھ ٹیکس نہیں دے گا بلکہ صارفین کے لیے اپنی مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دے گا اور غریب کو سیٹھوں کا سپر ٹیکس بھرنا پڑے گا۔‘
حکومتی فیصلے کے اعلان بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے آخری روز شدید مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
جمعے کو سٹاک ایکسچینج میں کاروبار دو ہزار پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین ایسے بھی ہیں جو حکومت کی طرف سے لگائے جانے والے سپر ٹیکس کی حمایت کررہے ہیں۔
پاکستانی صحافی زاہد گشکوری نے لکھا ’امیر لوگوں پر سپر ٹیکس لگا اچھا فیصلہ ہے۔‘
سید علی عباس زیدی نامی صارف نے حکومت سے درخواست کی کہ رئیل سٹیٹ سے منسلک بڑے کاروباری افراد پر بھی ٹیکس لگایا جائے۔
معاشی امور پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی شہباز رانا نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’حکومت نے کمپنیوں پر چار سے دس فیصد کا اضافی ٹیکس لگا کر اچھا قدم لیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان کمپنیوں نے گذشتہ چند سالوں میں بے مثال منافع کمایا ہے۔‘
دوسری جانب ایک روز کی کمی کے بعد ایک بار پھر سے ڈالر کی قدر میں اضافہ رپورٹ کیا جارہا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق آج انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 28 پیسے اضافے کے ساتھ 207 روپے 78 پیسے ہوگئی ہے۔

شیئر: