Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

75 روپے کے نوٹ کا ڈیزائن جعلی، ’اسے بس پرنٹ کردیں‘

وفاقی کابینہ نے 75 روپے کے نوٹ کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے 75 روپے کے نوٹ کے ڈیزائن کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
جمعے کو سٹیٹ بینک کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ’سوشل میڈیا پر یادگاری نوٹ کا ڈیزائن جعلی ہے۔‘
سٹیٹ بینک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سٹیٹ بینک واضح کرتا ہے کہ پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر جاری کیے جانے والے یادگاری بینک نوٹ کے حوالے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والا ڈیزائن جعلی ہے۔‘
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وفاقی کابینہ نے 75 روپے کے نوٹ کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی ہے۔
تاہم گذشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر 75 روپے کے نوٹ کا ڈیزائن گردش کر رہا ہے۔
سٹیٹ بینک کی ٹویٹ کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
غسان نامی صارف نے ٹویٹ کی کہ ’یہ بہت اچھا لگ رہا ہے، اسے بس پرنٹ کردیں۔‘

ڈاکٹر مبشر نے لکھا ’جی یہ جعلی لگ رہا ہے کیونکہ اس کی پچھلی طرف 75 کی بجائے 57 لکھا ہوا ہے۔‘

انس رضا نامی صارف نے ٹویٹ کیا ’75 روپے کا نوٹ تو ہو گا، لیکن اس کا یہ ڈیزائن نہیں ہو گا، سٹیٹ بینک نے واضح کر دیا ہے۔‘

ایک اور صارف نے ٹویٹ کیا ’ہم ویسے بھی دیوالیہ ہو رہے ہیں لہٰذا کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘

شیئر: