جنوبی افریقہ: نائٹ کلب سے 20 افراد کی لاشیں برآمد
پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی پولیس نے کہا ہے کہ ایک نائٹ کلب میں کم از کم 20 افراد مردہ پائے گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو جنوبی افریقہ کے شہر ایسٹ لندن کے ایک مضافاتی علاقے میں واقع نائٹ کلب یہ واقع پیش آیا۔
پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر تمبنکوسی کینانا نے کہا ہے کہ مقامی پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتولین کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی غیر تصدیق شدہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاشیں کلب میں بکھری پڑی ہیں اور ان پر زخموں کے واضح نشان نہیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس افسران کلب کے باہر ہجوم کو پُرسکون کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مشرقی صوبے کیپ کی پولیس کمشنر للیئن مین نے ایس اے بی سی نیوز سے بات کرت ہوئے کہا کہ کلب میں مبینہ طور پر بھگدڑ مچ گئی تھی۔
تاہم صوبے کی کمیونٹی اور سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے عہدیدار اونیتھی بنکوز جو جائے وقوعہ پر موجود تھے، کا کہنا ہے کہ ’یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ لوگوں کی اموات بھگدڑ مچنے سے ہوئیں کیونکہ مرنے والے افراد کے جسموں پر زخموں کے واضح نشانات نہیں تھے۔‘
اونیتھی بنکوز کے مطابق لوگ اپنے پیاروں کی تلاش کے لیے کلب کے باہر کھڑے ہیں۔