Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل ٹیسٹ، سندھ پولیس دعا زہرہ کو لینے لاہور پہنچ گئی

دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لیے دس رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ فوٹو: پنجاب پولیس
کراچی سے پنجاب جا کر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کو لینے سندھ پولیس کی ٹیم صوبہ پنجاب کے شہر لاہور پہنچ گئی ہے۔
سندھ پولیس کے مطابق عدالتی احکامات کی روشنی میں قائم میڈیکل بورڈ نے سات روز میں دعا زہرہ کی عمر کے تعین کی رپورٹ جمع کروانی ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ روز محکمہ داخلہ سندھ نے پنجاب پولیس کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دعا زہرہ کو کراچی منتقلی میں مدد کی جائے تاکہ لڑکی کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا جاسکے۔ 
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی شوکت علی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس نے دعا زہرہ کو پنجاب سے کراچی لانا ہے۔ ٹیم کے اراکین دعا زہرہ کو کراچی لانے کے لیے صوبہ پنجاب پہنچ گئے ہیں۔
پولیس ٹیم میں خواتین پولیس اہلکار بھی موجود ہیں۔ پولیس دعا زہرہ کو پنجاب سے کراچی لائے گی اور دس رکنی میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ عدالتی حکم پر بننے والے دس رکنی میڈیکل بورڈ کا پہلا اجلاس گزشتہ روز کراچی میں ہوا تھا۔ دعا زہرہ کے کراچی میں نہ ہونے کی وجہ سے پہلا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ہی ختم کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے پنجاب پولیس کو ایک خط لکھا اور سندھ پولیس کو پنجاب سے دعا زہرہ کو لانے کا کہا گیا اور بتایا گیا کہ عدالتی احکامات پر قائم بورڈ کے سامنے پولیس نے لڑکی دعا زہرا کو پیش کرنا ہے۔ 
دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کی درخواست پر محکمہ صحت نے دعا کے عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔ میڈیکل بورڈ کی سربراہ ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر صبا سہیل کو مقرر کیا گیا تھا۔ میڈیکل بورڈ نے دعا زہرہ کو 29 جون کو پیش کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔   
سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر کیے گئے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق دعا زہرہ کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان ہے۔ 

شیئر: