جدہ میں لبیک کے عنوان سے 60 اسکاوٹس خدمات انجام دے رہے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ میں سکاؤٹس بھی عازمین حج کی خدمت کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ حج ٹرمنل پرسکاؤٹس کا ایک یونٹ عازمین حج کی رہنمائی اور دیگر سروسز کے لیے مصروف عمل ہے۔
سبق نیوز کے مطابق حج سیزن میں ادارہ تعلیم کی جانب سے سکاؤٹس کو رضاکارانہ طورپرعازمین حج کی خدمت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
حج ٹرمینل پرعازمین کی رہنمائی اورخدمت کےلیے تعینات سکاؤٹس کی تعداد 60 ہے جو’لبیک‘ کے عنوان سے جاری مہم کے تحت عازمین حج کی خدمت کررہے ہیں۔
’لبیک‘ مہم کے ڈائریکٹر’عوض العتیبی‘ نے بتایا کہ حج سیزن میں ضیوف الرحمان کی خدمت کے لیے سکاؤٹس کا کردارکافی اہم ہوتا ہے۔ مہم میں شریک سکاؤٹس حج ٹرمنل کی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے تعاون سے عازمین کی خدمت کرتے ہیں۔
عازمین کو فراہم کی جانے والی سکاؤٹس خدمات کے حوالے سے ’العتیبی‘ نے مزید کہا کہ حج ٹرمنل پرآنے والے عازمین حج کی رہنمائی کرنے کے علاوہ بعض معمراوربیمارعازمین کو ویل چیئرکے ذریعے ٹرمنل کی عمارت تک لے جانا اور انہیں امیگریشن کے مراحل سے گزارنا شامل ہے۔
علاوہ ازیں حجاج کو کھانے کی اشیا اور پینے کے لیے پانی بھی سکاؤٹس فراہم کرتے ہیں۔ بعض اسکاوٹس مختلف زبانیں بھی جانتے ہیں جس کی وجہ سے وہ مختلف ممالک سے آنے والےعازمین کےلیے کافی مفید ثابت ہوتے ہیں۔