’عاطف اسلم کو سنگِ ماہ میں مرتا دیکھنے کو تیار نہیں‘
’عاطف اسلم کو سنگِ ماہ میں مرتا دیکھنے کو تیار نہیں‘
اتوار 3 جولائی 2022 14:43
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ڈرامے کی آخری قسط آج رات نشر کی جائے گی۔ (تصویر: یوٹیوب سکرین شاٹ)
پاکستانی ڈرامہ سیریل سنگِ ماہ کی آخری قسط اتوار کو رات کو نشر کی جائے گی جس کا شمار رواں سال نشر کیے جانے والے مشہور ترین ڈراموں میں ہوتا ہے ۔
ڈرامہ سیریل ’سنگ ماہ‘ کی اب تک 25 اقساط نشر کی جاچکی ہیں جبکہ اتوار کے روز یوٹیوب پر اس کی آخری قسط کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا ہے۔
’سنگِ ماہ‘کی کہانی ہلمند (عاطف اسلم) نامی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو اپنے علاقائی، سماجی اور گھریلو رسم و رواج کے خلاف نہ صرف بغاوت کرتا ہے بلکہ اپنے والد کی موت کا الزام اپنے سوتیلے باپ (نعمان اعجاز) پر عائد کرتا ہے۔
کہانی میں شہرزاد (کبریٰ خان) نامی ایک خاتون صحافی بھی ہیں جو پدر شاہی میں ڈوبے ہوئے گاؤں لسپیران میں ’غگ‘ کی رسم کے بارے میں جاننے آتی ہیں۔
’سنگِ ماہ‘ کی سب سے خاص بات سپر سٹار سنگر عاطف اسلم کی ڈرامے میں اداکاری ہے۔
ڈرامے میں عاطف اسلم کے علاوہ نعمان اعجاز، کبریٰ خان، ہانیہ عامر، ثانیہ سعید، سامعیہ ممتاز، حسن نعمان، زاویار خان اور عمیر خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
’سنگِ ماہ‘ کی آخری قسط کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
علیشہ نامی ایک صارف اپنی ٹویٹ میں کہتی ہیں کہ ’سنگِ ماہ ختم ہونے والا ہے، کیا شاہکار ہے۔ اس کی میرے دل میں ہمیشہ جگہ رہے گی۔‘
فاطمہ نامی ایک صارف لکھتی ہیں کہ ’عاطف اسلم کو سنگِ ماہ میں مرتا دیکھنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔‘
نور محمد نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’آج سنگِ ماہ ڈرامے کا ٹیزر دیکھا ہے سمجھ نہیں آرہا کہ ہلمند کے مرنے پر افسوس کرنا ہے یا اطمینان۔‘
نتاشا نامی ایک صارف نے کہا ہے کہ ’سنگِ ماہ ڈرامہ شیکسپیئر کے ڈرامے ہیملٹ پر مبنی ہے۔ ہیملٹ/ہلمند شاید آخر میں مرنے والا ہے۔‘