Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آخری ٹیسٹ: انڈیا کے خلاف انگلینڈ مشکلات کا شکار، جونی بیرسٹو کی سینچری

جونی بیرسٹو نے 14 چوکوں کی مدد سے 140 گیندیں کھیل کر 106 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان جاری آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے۔
دوسری اننگزمیں انڈیا کو 132 رنز کی برتری حاصل ہے۔
میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے کھیل کا آغاز 84 رنز پر پانچ وکٹوں کے ساتھ کیا جس کے بعد کھانے کے وقفے سے پہلے کپتان بین سٹوکس 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
بین سٹوکس کو اننگز میں دو بار مواقع ملے، جس کا وہ فائدہ نہ اٹھا سکے اور 25 رنز پر شردل ٹھاکر کی گیند پر جسپرت بمرا کو کیچ دے بیٹھے۔
انگلینڈ کی جانب سے ان فارم پلیئر جونی بیرسٹو نے سینچری بنائی جس کی بعد انگلینڈ ٹیم کو سنبھلنے کا موقع مل گیا۔
جونی بیرسٹو نے 14 چوکوں کی مدد سے 140 گیندیں کھیل کر 106 رنز بنائے۔
اس سے پہلے انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کی جانب سے مایوس کن کارکردگی دیکھنے میں آئی ہے۔
پہلی اننگز میں الیکس ہیلز 6، زیک کرالی 9، اولے پوپ 10، جو روٹ 31 اور نائٹ واچ مین جیک لیچ 0 پر آوٹ ہوگئے تھے۔
انڈیا کی جانب سے محمد سراج نے چار، جسپریت بمرا نے تین، محمد شامی کے دو جبکہ شردل ٹھاکر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے دوران وراٹ کوہلی اور جونی بیر سٹو کی درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا جس کے بعد جونی بیرسٹو نے جارہانہ بیٹنگ شروع کردی۔

Caption

جونی بیرسٹو کی جانب سے سینچری سکور کرنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تعریفی تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
سابق انڈین کھلاڑی وریندر سہواگ اپنے ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’جونی بیرسٹو کا وراٹ کوہلی کے ساتھ تلخ کلامی سے پہلے سٹرائیک ریٹ 21 تھا، تلخ کلامی کے بعد 150 ہوگیا، پجارا کی طرح کھیل رہے تھے، کوہلی  نے بلاوجہ تلخ کلامی کر کے پنت بنوا دیا۔‘
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان اپنے ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ 'کیا کسی نے لگاتار تین ٹیسٹ میچز میں اتنا اچھا کھیلا ہے؟ امید ہے کئی نے کھیلا ہوگا، لیکن میں کہوں گا کہ جونی بیرسٹو نے فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔‘
جونز نامی صارف لکھتے ہیں کہ 'کیا اچھی باری ہے، بیرسٹو کا ایجبسٹن پر شو، انگلینڈ نیچے تھی، باہر تھی، اور پھر بیرسٹو نے یادگار سنچری بنائی اور انگلینڈ کو بچا لیا۔‘
خیال رہے انڈیا نے پہلی اننگز میں رشبھ پنٹ اور رویندر جڈیجا کی سینچریوں کی بدولت 416 رنز بنائے تھے۔

شیئر: