Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوہلی کی بری فارم، ’اب ٹیم میں شمولیت پر سوال اٹھ رہے ہیں‘

وراٹ کوہلی صرف 11 رنز بنا کر اولے پوپس کی گیند پر بولڈ ہو گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین بیٹر وراٹ کوہلی انگلینڈ کے خلاف جاری آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھی مایوس کن کارکردگی دکھا کر جلد آوٹ ہو گئے ہیں۔
جمعے کو برمنگھم میں جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جہاں انڈین بیٹنگ لائن مشکل میں پڑ گئی وہی سٹار بیٹر وراٹ کوہلی کی بری فارم بھی ٹھیک نہیں ہو سکی ہے۔
وراٹ کوہلی صرف 11 رنز بنا کر اولے پوپس کی گیند پر بولڈ ہو گئے ہیں۔
انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما کی عدم شمولیت کے باعث انڈین ٹیم وراٹ کوہلی کی بیٹنگ پر کافی انحصار کر رہی تھی تاہم وہ ایک بار پھر ناکام رہے۔
وراٹ کوہلی کے جلدی آوٹ ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
اکشت نامی ایک صارف نے ٹویٹ کیا ’زندگی اب صرف یہی رہ گئی ہے کہ وراٹ کوہلی کو کھیلتے دیکھتا ہوں اور اس کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹی وی بند کر دیتا ہوں۔‘

تھرن نامی ایک صارف نے میم کے ذریعے کوہلی کے مداحوں کی پریشانی کو ظاہر کیا۔

کے آر نٹراجن نامی ایک صارف اپنے ٹویٹ میں کہا ’وراٹ کوہلی کی ایک اور ناکامی، اب کوہلی کی ٹیم میں شمولیت پر سوال اٹھ رہا ہے، آپ پُجارا اور رہانے کے لیے ایک اور وراٹ کوہلی کے لیے دوسرا معیار نہیں رکھ سکتے حالانکہ کوہلی عظیم کھلاڑی رہ چکے ہیں، وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔‘

ایک صارف نے وراٹ کوہلی کو کھیل سے وقفہ لینے کا مشورہ دیا۔

وراٹ کوہلی 2020 سے بری فارم کا شکار ہیں، جنوری 2020 سے کوہلی کی اوسط 27 رنز ہے۔
خیال رہے کہ وراٹ کوہلی نے آخری مرتبہ سینچری 23 نومبر 2019 کو بنگلہ دیش کے خلاف بنائی تھی جس کے بعد سے اب تک انہوں نے 74 اننگز میں کوئی سینچری سکور نہیں کی ہے۔

شیئر: