شاہ سلمان نے عالمی مہنگائی سے متاثرہ شہریوں کے لیے 20 ارب ریال مختص کردیے
شاہی منظوری میں چار نکات بیان کیے گئے ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر شہریوں پر بڑھتی ہوئی عالمی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کےلیے 20 ارب ریال مختص کرنےکی منظوری دی ہے۔
مختص رقم کا نصف حصہ سوشل انشورنس سے فائدہ اٹھانے والوں اور سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام میں جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل کے اجلاس کے بعد معاشرے کے انتہائی ضرورت مند طبقوں کے مسائل سے نمٹنے کا عندیہ دیا تھا۔
شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں ہونے والے کونسل کے اجلاس میں دنیا بھر کے نئے اقتصادی حالات اور انتہائی ضرورت مند خاندانوں کو مہنگائی کی عالمی لہر سے بچانے کی ضرورت اجاگر کی گئی تھی۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو تجاویز دی تھیں۔ انہوں نے اس کی منظوری دیتے ہوئے بیس ارب ریال کی اعانت مختص کرنے کا حکم دیا تاکہ مہنگائی کی عالمی لہر کے مسائل سے نمٹا جاسکے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہی منظوری میں چار نکات بیان کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت دو ارب ریال 2022 مالی سال کے دوران سماجی کفالت کے مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ زراعانت صرف ایک بار دیا جائے گا۔
حساب المواطن (سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام ) میں نئے اندراج کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اندراج پہلے سے مقررہ ضوابط کے مطابق ہوگا۔
شاہی منظوری کے تیسرے نکتے میں کہا گیا کہ 8 ارب ریال رواں مالی سال کے آخر تک سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام کے صارفین کو اضافی مالی مدد کے طور پر تقسیم کیے جائیں گے۔ تقسیم کا عمل پہلے سے طے شدہ ضوابط کا پابند ہوگا۔
چوتھا اور آخری نکتہ یہ ہے کہ مویشیوں کی افزائش کرنے والے چھوٹے سرمایہ کاروں میں 408 ملین ریال بطور اعانت تقسیم کیے جائیں گے۔