بین الاقوامی وفود کا شاہ عبدالعزیز ’کسوہ کعبہ‘ فیکٹری کادورہ
صحافیوں کے وفد نے مثالی خدمات پرمملکت کی قیادت کوسراہا(فوٹو، ٹوئٹر)
عرب اور بیرونی دنیا کے صحافیوں نے بدھ کو شاہ عبدالعزیز غلاف کعبہ کمپلیکس کا دورہ کیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس کا اہتمام وزارت اطلاعات و نشریات کے متعلقہ ادارے نے کیا تھا تاکہ دنیا بھر سے آئے ہوئے صحافیوں کو حج 1443ھ کے موقع پر حجاج کے لیے کیے گئے انتظامات اور سہولیات سے واقف کرایا جاسکے۔
صحافیوں نے غلاف کعبہ کی لمحہ بہ لمحہ اور مرحلہ بہ مرحلہ تیاری اور پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف چڑھانے کے لیے کی جانے والی کارروائی کے مناظر پر مشتمل وڈیو دیکھی۔
صحافیوں نے غلاف کعبہ فیکٹری کا دورہ کرکے اپنے تاثرات میں بتایا کہ یہاں جو کچھ دیکھا قابل تعریف ہے۔ یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ غلاف کعبہ کی تیاری اور اسے آراستہ و پیراستہ کرنے کے لیے جس انداز سے یہاں کام ہورہا ہے وہ انتہائی عمدہ اور پیشہ ورانہ ہے۔
مہمان صحافیوں نےغلاف کعبہ فیکٹری کے شاندار انتظامات پر حرمین شریفین انتظٓامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس اور مشدیر سیکریٹری برائے کمپلیکس عبدالمجید المالکی کا شکریہ ادا کیا۔ انہو ںنے دعا کی کہ اللہ تعالی مملکت کے قائد خادم حرمین شریفین کو اس عظیم الشان خدمت پر بہترین اجر سے نوازے۔