Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوہر کے قتل کا الزام، سیالکوٹ میں مشہور ٹک ٹاکر گرفتار

ڈی پی او سیالکوٹ سید ذیشان کے مطابق قتل کا واقعہ 30 اپریل کو تھانہ اگوکی کی حدود میں پیش آیا۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں پولیس نے ایک ٹک ٹاکر خاتون کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے شوہر کو اپنے ٹک ٹاکر ساتھی کے ساتھ مل کر قتل کیا ہے۔  
سیالکوٹ پولیس کے مطابق میمونہ ارم شہزادی نامی خاتون کو مکمل ثبوتوں کے ساتھ حراست میں لیا گیا اور انہوں نے پولیس کے سامنے اقبال جرم بھی کر لیا ہے۔  
میمونہ ارم کے تین بچے بھی ہیں اور ان کے شوہر خلیل احمد کویت میں کاروبار کرتے تھے۔  
ڈی پی او سیالکوٹ سید ذیشان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’یہ واقعہ 30 اپریل کو تھانہ اگوکی کی حدود میں پیش آیا۔ ابتدائی طور پر یہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا واقعہ تھا جس میں یہ میاں بیوی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے اور انہیں دو ڈاکوؤں نے روکا۔ جب ڈاکو خاتون کی انگوٹھی اتارنے لگے تو شوہر نے مزاحمت کی جس پر اسے گولی مار دی گئی۔‘  
تاہم پولیس نے جب اس واقعہ کی تفتیش شروع کی تو صورت حال آہستہ آہستہ بدلنا شروع ہوئی۔ ڈی پی او کے مطابق ’ہمیں شک شروع سے ہی تھا کہ جو واقعہ ایف آئی آر میں بتایا گیا اس میں جھول ہے۔ لیکن ہماری تفتیشی ٹیم نے اس وقت تک خاتون کو کچھ نہیں کہا جب تک تمام دستاویزی ثبوت اکھٹے نیہں کر لیے گئے۔‘  
قتل کی واردات کیسے ہوئی؟  
پولیس تفتیش اور ملزمہ کے بیانات کی روشنی میں معلوم ہوا کہ قتل کی یہ واردات ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ تھی۔
مقدمے کے تفتیشی افسر ملک قمر کے مطابق ’میمونہ کے شوہر خلیل احمد کو 30 اپریل کی رات خود میمونہ نے ایک جگہ چلنے کو کہا۔ اور اصرار کیا کہ موٹر سائیکل پر جانا ہے۔ حالانکہ ان کے پاس دو گاڑیاں تھیں۔ اگوکی کے قریب میمونہ نے اچانک اپنے شوہر سے کہا کہ اس کی جوتی گر گئی ہے۔ موٹر سائیکل روکنے پر وہ خود پیدل چلتی ہوئی پیچھے گئی اس جگہ کھڑے دو افراد نے پستول سے فائر کر کے خلیل کو قتل کر دیا۔‘  
پولیس تفتیش میں یہ بھی بات سامنے آئی کہ میمونہ ارم ٹک ٹاک پر بہت سرگرم اور مشہور ہیں۔ جبکہ ان کی ٹک ٹاک ویڈیوز میں ان کے ساتھ ایک نوجوان بھی نظر آتا ہے جو میمونہ ارم کے مطابق ان کا دور کا رشتہ دار ہے۔  
رضوان عرف زین نامی اس نوجوان کی موبائل لوکیشن اور قتل کی اس واردات سے پہلے میمونہ ارم سے رابطوں کا سراغ بھی پولیس نے لگا لیا۔  
رضوان اور اس کا ساتھی تاحال فرار ہیں تاہم پولیس نے اس قتل کے الزام میں میمونہ ارم کو حراست میں لے لیا ہے۔ بدھ سات جولائی کو عدالت نے پانچ روز کے جسمانی ریمانڈ پر میمونہ کو پولیس کے حوالے کیا۔  
پولیس تفتیش کے مطابق خلیل احمد نے اپنی جائیداد کا بڑا حصہ پہلے ہی اپنی بیوی کے نام کر رکھا ہے۔ جبکہ یہ شک ظاہر کیا گیا کہ خاتون گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے شوہر کو راستے سے ہٹانا چاہتی تھی۔  
ساتھی ٹک ٹاکر رضوان کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے مار رہی ہے تاہم ابھی تک وہ مفرور ہیں۔  

شیئر: