ٹھنڈی سڑک خاص مواد سے تیار کردہ کی گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
دنیا بھر سے آئے حجاج نے جمعے کے روز حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ ادا کیا۔ رواں برس حجاج کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 99 ہزار353 رہی۔
سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ ’رواں سال بیرون مملکت سے 7 لاکھ 79 ہزار 919 جبکہ اندرون مملکت سے ایک لاکھ 19 ہزار 434 حجاج نے فریضہ حج ادا کیا۔‘
تفصیلات کے مطابق حجاج کرام نے 9 ذوالحجہ کو وقوفہ عرفہ کیا اور غروب آفتاب کے ساتھ ہی حجاج کے قافلے مزدلفہ کی جانب روانہ ہوگئے۔
حجاج مزدلفہ میں 9 ذوالحجہ کی شب قیام کریں گے جہاں سے وہ ’رمی‘ کے لیے کنکریاں اکٹھی کریں گے اور مغرب وعشا کی نمازیں ادا کرنے کے بعد بیشتر حجاج رات کو مزدلفہ میں ہی قیام کریں گے اور صبح سویرے منیٰ کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔
وزارت حج کی جانب سے حجاج کی نقل وحمل کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حجاج ک ومشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے علاوہ بسوں کے ذریعے بھی مزدلفہ منتقل کیا جارہا ہے۔
رواں برس مشاعر مقدسہ میں دنیا کی سب سے طویل سڑک جو خصوصی طور پر پیدل سفر کرنے والے حجاج کے لیے مختص کی گئی ہے کے ذریعے بھی کافی حجاج میدان عرفات سے مزدلفہ کی جانب روانہ ہوئے۔
دنیا کی طویل ترین ٹھنڈی سڑک خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہے جس کی خصوصیت یہ ہے کہ سڑک میں جو مواد استعمال کیا گیا ہے وہ دھوپ کی حرارت کو جذب نہیں کرتا جس کی وجہ سے سڑک ٹھنڈی رہتی ہے اور چلنے والوں کو دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں