انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں بادل پھٹنے سے کم از کم 16 ہلاک، 40 لاپتہ
انڈین آرمی، ایس ڈی آر ایف، ریسکیو ٹیمیں اور دیگر ادارے امدادی کاررائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے علاقے امرناتھ میں بادل پھٹنے سے کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ 40 لاپتہ ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق تقریباً 15 ہزار یاتریوں کو امرناتھ کے مقدس غار سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ امرناتھ مندر کے قریب ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بلتل پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج ہو رہا ہے۔
این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹر جنرل اتل کروال نے کہا ہے کہ ’مسلسل بارش ہو رہی ہے تاہم اس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ انڈین آرمی، ایس ڈی آر ایف، ریسکیو ٹیمیں اور دیگر ادارے امدادی کاررائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
اترپردیش سے ایک یاتری دیپک چوہان نے بتایا کہ ’وہاں بھگدڑ جیسی صورتحال تھی۔ لیکن فوج نے بہت مدد کی۔ پانی کی وجہ سے کئی پنڈال بہہ گئے۔‘
حکام نے امرناتھ یاترا کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ بادل پھٹنے سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔
صدر رام ناتھ کوند اور وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے میں یاتریوں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے متعلقہ اداروں اور جموں و کشمیر کی انتظامیہ کو ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔
کشمیر میں ہر سال امرناتھ یاترا کے لیے لاکھوں لوگ انڈیا کی مختلف ریاستوں سے آتے ہیں۔ 2020 اور 2021 میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس مذہبی تقریب کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا۔