ایران میں 59 خواتین پر نوک دار آلے سے حملے کرنے والے شخص کو سزائے موت
ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ایران سالانہ بنیادوں پر چین کے بعد سب سے زیادہ پھانسیاں دینے والا ملک ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران میں ایک شخص کو متعدد خواتین پر حملوں کے جرم کی پاداش میں سزائے موت دے دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایران کی عدلیہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ راستگویی کندلج نامی شخص کو بدھ کو ’فساد فی الارض‘ کا مجرم ثابت ہونے پر سزا دی گئی۔
ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ ’میزان آن لائن‘ کے مطابق راستگویی کندلج نے سُوئے (ایک نوکیلے آلے) کے ذریعے دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر کم از کم 59 خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے شہر میں دہشت پھیلائی۔
ویب سائٹ پر مزید بتایا گیا کہ یہ شخص موٹر سائیکل پر سوار ہوتے ہوئے راہ گیر خواتین پر حملے کرتا رہا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ راستگویی کندلج کو کب گرفتار کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’خواتین کو نوکیلے آلے سے زخمی کرنے والے راستگوئی کندلج کی سزائے موت پر عمل درآمد ہو گیا ہے۔‘
ایران میں منشیات کے کاروبار، جنسی حملوں اور زیادتیوں سمیت دیگر بڑے جرائم میں ملوث افراد کو پھانسی کی سزا دی جاتی ہے۔
ایمنیسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کے مطابق ایران سالانہ بنیادوں پر چین کے بعد سب سے زیادہ پھانسیاں دینے والا ملک ہے تاہم چین میں دی جانے والی پھانسیوں کے مصدقہ اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔