Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئرلفٹ کے پاکستان میں آپریشنز بند، ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ ملے گی

کمپنی اپنے ملازمین کو جولائی اور اگست کی تنخواہیں دے گی۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹ/ایئرلفٹ)
اشیاء خورد نوش کی ڈیلیوری کا کام کرنے والے سٹارٹ اپ کمپنی ’ایئرلفٹ‘ نے پاکستان میں اپنے آپریشنز بند کردیے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کمپنی کی جانب سے بین الاقوامی معاشی بحران کو ایئرلفٹ کی بندش کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس کا ایئرلفٹ پر بھی شدید اثر ہوا اور اس کی بندش ناگزیر ہوگئی تھی۔‘
کمپنی کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ’12 جولائی کو ایئرلفٹ نے اپنے آپریشنز مستقل طور پر بند کردیے ہیں۔‘
ایئرلفٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ جولائی میں یہ بات ان پ واضح ہوگئی تھی کہ شاید آپریشنز بند کرنے کے سوا ان کے پاس کوئی چارہ نہیں رہا کیونکہ کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے والے کئی افراد بین الاقوامی معاشی حالات کے سبب ایئرلفٹ کو سرمایہ نہ دے سکے۔
’جب یہ بات واضح ہوگئی کہ بندش ناگزیر ہے تو ایئرلفٹ اپنے ملازمین کو بغیر تنخواہوں کے نہیں چھوڑ سکتی تھی اور نہ ہی اپنے وعدوں سے مکر سکتی تھی۔‘
کمپنی کا کہنا ہے کہ ایئرلفٹ اپنے ملازمین کو جولائی اور اگست کی تنخواہیں دے گی اور ان کے لیے نوکریوں کی تلاش کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی بنائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایسے فیکٹرز جو ہمارے کنٹرول میں نہیں ان کے باعث، ایئرلفٹ بند ہورہی ہے تاہم خطے میں مثبت تبدیلی لانے کا ہمارا مشن جلد ہی نئی زندگی تلاش کرے گا۔‘

شیئر: