اسلام آباد ...قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سینیٹر اعتزاز احسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی کو نہیں مناتے۔ جے آئی ٹی بنانی ہے تو سپریم کورٹ کے 3 یا ہائی کورٹ کے 4 ججوں کی بنائی جائے۔وزیراعظم سے استعفیٰ حاصل کرنے کے لئے پیپلز پارٹی نئی حکمت عملی تیار کرے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 2 ججوںنے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیا جبکہ 3 ججوں نے تردید نہیں کی۔ ایک 19 گریڈ کے افسر کو کہا گیا ہے کہ تم اپنے مالک کی ، جس سے تم تنخواہ لیتے ہو، اس سے تفتیش کرو، یہ کھوکھلی تفتیش ہوگی۔ جے آئی ٹی بڑی شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ طعنہ دیا گیا کہ آپ لوگ نواز شریف کو سہارا دے رہے ہیں لیکن درحقیقت ہمیشہ جمہوریت اور ادراروں کا ساتھ دیا۔خورشید شاہ نے کہا کہ یہ نہیں چاہتے کہ حکومت ختم ہو یہ نواز شریف پر ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو بچانا چاہتے ہیں یا اپنے کردار کی جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز جو سارے مسئلہ کا منبع ہیں انہیں جے آئی ٹی سے پہلے ہی جے آئی ٹی سے فارغ کردیا گیا ۔ تاریخ کا حصہ ہے کہ سپریم کورٹ شریف خاندان پر نرم ہاتھ رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ فیصلے میں موجود مواد نوازشریف کو نااہل قرار دینے کےلئے کافی ہے۔