Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جلیل شرقپوری کو ’پیمنٹ‘ پر شیخ رشید کی آڈیو وائرل، مذاق کر رہا تھا: شیخ رشید

آڈیو لیک کے بعد جلیل شرقپوری کا ردعمل سامنے آیا اور انہوں نے شیخ رشید کو عمران خان کا دشمن قرار دیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پنجاب کے ضمنی انتخابات کے دوران اتوار کو عوامی مسلم لیگ کے رہنما اور پی ٹی آئی کے اتحادی شیخ رشید احمد کی ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری سے متعلق مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی جس کو بعد میں انہوں نے مذاق قرار دیا۔
لیکڈ آڈیو میں شیخ رشید چوہدری گل زمان نامی شخص سے رقم کی ادائیگی سے متعلق بات کر رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ ’پھر کل شرقپوری کو بھی آپ نے  پیمنٹ  دے دی ہے، گل زمان نامی شخص نے کہا کہ  یہ ٹیلی فون ہے خدا کے بندے، صورت حال دیکھنا، بیڑا پار ہوگا انشاء اللہ۔‘
مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر جیتنے والے پنجاب اسمبلی کے رکن جلیل شرقپوری نے ہفتہ کو اسمبلی سے استعفٰی دے کر پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔
آڈیو لیک کے بعد جلیل شرقپوری کا بھی سخت ردعمل سامنے آیا اور انہوں نے شیخ رشید کو عمران خان کا دشمن قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو علیم خان کے بارے میں بھی بتایا تھا اب شیخ رشید کے بارے میں بھی بتا رہے ہیں کہ وہ عمران خان کے لیے ’دو نمبر‘ آدمی ہیں اور ان کےدشمن ہیں۔
دوسری طرف گل زمان کی جانب سے بھی موقف سامنے آیا ہے کہ کوئی لین دین نہیں ہوا اسی وجہ سے انہوں نے شیخ رشید کو فون پر کہا تھا کہ آپ کیسی بات کر رہے ہیں۔
آڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر لین دین کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے بھی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے آڈیو کی تصدیق کی مگر اسے مذاق قرار دیا ہے۔
فون کو جوڑ کر ایسی باتیں مجھ سے منسوب کی گئی ہیں جس سے ایک شریف آدمی کی عزت کو مجروح کیا جائے۔ جلیل شرقپوری کی عزت پر کسی قسم کا دھبہ نہیں ہے۔‘
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ باتیں کی ہیں کچھ مذاقا باتیں کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت فون ٹیپ کرنے سے باز نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ ’حلفا کہتا ہوں کہ پیسے کا کوئی لین دین نہیں ہوا۔‘ انہوں نے کہا کہ  جلیل شرقپوری عظیم شریف اور دیانتدار انسان ہیں۔

شیئر: