Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ  افراد کے لیے سعودی امداد

غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے راشن کے تین ہزار تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں۔ فوٹو واس
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کے صوبے بلوچستان کے علاقے میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد  کے لیے ضروری  امدادروانہ کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر روانہ کی جانے والی سعودی امداد میں غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 285 ٹن وزنی راشن کے تین ہزار تھیلے موجود ہیں، یہ غذائی امداد 21 ہزارمتاثرہ افراد کی ضروریات پوری کرے گی۔
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے عہدیدار محمد ادریس محسود نے اس مشکل صورتحال میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پرسعودی عرب، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیاہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجی جانے والی یہ امداد سیلاب سے متاثرہ کئی خاندانوں کی مشکلات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے انسانی ہمدردی کے تحت  دنیا بھر میں ضرورت مند افراد اور ممالک کو امدادفراہم کی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان ریلیف سنٹر نے یمن کے علاقے حجہ میں وبائی امراض کو قابو میں رکھنے اور مریضوں کو علاج کی  دیگرسہولتیں  فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی سینٹر فار ایپیڈیمک کنٹرول قائم کیا ہے۔
گذشتہ ہفتے کے دوران اس طبی  مرکز نے 3358 مریضوں کو  مختلف طبی خدمات  فراہم کیں اورسینکڑوں مریضوں کو دوائیں بھی مہیا کی  گئی ہیں۔

پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے  تعاون پر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو واس

کنگ سلمان امدادی مرکز کے موبائل میڈیکل کلینکس نے  یمن کے حجہ گورنریٹ میں ایک ہفتے کے دوران وبائی امراض میں مبتلا 447 مریضوں کا علاج  کیا ہے، اس کے علاوہ ایمرجنسی سروس اور کلینکس پر سرجری کی سہولیات بھی دی گئی ہیں۔
کنگ سلمان امدادی مرکز نے دنیا بھر کے 80 ممالک میں تقریباً 6 بلین ڈالر کے 2025 منصوبے نافذ کر رکھے ہیں۔ مئی 2015 میں اس  امدادی مرکز کے قیام کے بعد سے یہ اقدامات 175 مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے جاری  ہیں۔

وبائی امراض پرقابو پانے کے لیے ایمرجنسی سینٹر فار ایپیڈیمک کنٹرول قائم کیا گیا۔ فوٹو واس

کنگ سلمان امدادی مرکز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک اور علاقوں کو مرکز کے مختلف منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ  پہنچایا گیا ہے ان میں یمن کے لیے4 بلین ڈالر، فلسطین  کے لیے 369 ملین ڈالر، شام کے لیے 332 ملین ڈالر اور صومالیہ کے لیے 216 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے۔
 

شیئر: