مدینہ : 83 ہزار سے زائد حجاج اپنے ملک روانہ ہوچکے
جمعہ 22 جولائی 2022 19:06
وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک کے مزید 16 ہزار 605 حاجی مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق حج کے بعد زیارت کے لیے مدینہ منورہ آنے والے حاجیوں کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 550 تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ ’الھجرۃ ‘ استقبالیہ سینٹر پر بسوں سے حج کے بعد ایک لاکھ 46 ہزار 609 حاجی پہنچے۔ یہ اعدادوشمار بری راستے سے مدینہ منورہ پہنچنے والوں کے ہیں۔
دوسری جانب مدینہ منورہ سے حج کے بعد زیارت سے فارغ ہوکر مدینہ منورہ کو خیر باد کہنے والے حاجیوں کی تعداد اب تک 83234 ہوچکی ہے۔
مدینہ منورہ میں جمعرات 21 جولائی 2022 تک موجود حاجیوں کی تعداد 74316 ریکارڈ کی گئی ہے۔