خلاف ورزی پر 5 عمرہ کمپنیوں کا لائسنس منسوخ
جمعرات 21 جولائی 2022 10:20
’کمپنیوں کی انتظامیہ کو تفتیش کے لیے بلایا گیا ہے، انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا جائے گا‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو خدمات کی فراہمی میں کوتاہی کرنے پر 5 کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’خلاف ورزی کی مرتکب عمرہ کمپنیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’کمپنیوں کی انتظامیہ کو تفتیش کے لیے بلایا گیا ہے جس کی تکمیل کے بعد انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا جائے گا‘۔
وزارت حج عمرہ نے یقین دلایا ہے کہ وہ عمرہ زائرین کو پیش کی جانے والی سہولتوں اور خدمات کا گہرائی سے جائزہ لیتی ہے۔
عمرہ زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی مسلسل کوشش کی جارہی ہے جبکہ کسی قسم کی کوتاہی پر تادیبی کارروائی ہوتی ہے۔
وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’عمرہ زائرین کی شکایتیں وصول کرنے کے لیے خصوصی سیل کام کر رہا ہے‘۔
واضح رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کردیا ہے جبکہ عمرہ موسم کا باقاعدہ آغاز یکم محرم سے ہوگا۔