ملک سری لنکا جیسی صورتحال سے زیادہ دور نہیں: عمران خان
ہفتہ 23 جولائی 2022 13:08
عمران خان کے مطابق زرداری و شریف مافیا نے تین ماہ میں ملک کو گھٹنوں کے بل گرا دیا ہے۔ (فوٹو: فیس بک پی ٹی آئی)
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک سری لنکا جیسی صورت حال سے زیادہ دور نہیں ہے اور لوگ سڑکوں پر نکل سکتے ہیں۔
سنیچر کو عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ’30 برس سے زائد کی مدت میں پاکستان کی لوٹ کھسوٹ سے جمع کی گئی اپنی غیرملکی دولت بچانے کے لیے زرداری و شریف مافیا نے تین ماہ میں ہی ملک کو سیاسی و اقتصادی طور پر گھٹنوں کے بل گرا دیا ہے۔‘
ان کے مطابق ’میرا سوال یہ ہے کہ ریاستی ادارے کب تک اس کی اجازت دیتے رہیں گے۔‘
عمران خان کا مزید کہنا تھا ’قوم سے اپنے روابط اور حقیقی آزادی کی پکار پر ان کے جواب کے بعد میں کامل یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ عوام پہلے ہی بہت کچھ سہہ چکے ہیں۔‘
’اب ان مافیاز کو لوٹ مار کا سلسلہ برقرار رکھنے کی اجازت قطعاً نہیں دیں گے ورنہ سری لنکا جیسی صورت حال سے ہم زیادہ دور نہیں جب لوگ سڑکوں پر امڈ آئیں گے۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سپریم کورٹ میں وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب کے دوران ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی دی گئی رولنگ کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہو رہی ہے۔
جمعے کو وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ’آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے جمہوریت کو خریدتا ہے۔ ساری نظریں اب سپریم کورٹ پر ہیں۔‘
عمران خان نے کہا تھا کہ ’آئین کے آرٹیکل 63 میں واضح لکھا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے فیصلے پر عمل ہوتا ہے۔ ہم نے بھی 25 لوٹوں کے خلاف خط لکھا تھا، بطور پارٹی سربراہ میرا خط تو پارلیمنٹ میں مسترد کر دیا گیا تھا۔ سمجھ نہیں آتا کہ ڈپٹی سپیکر کس قسم کا انسان ہے۔‘
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عوام سے پُرامن احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عوام مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے خلاف نکلیں۔‘