Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک دن میں سب سے بڑا اضافہ

سونے کی فی تولہ قیمت میں 8500 روپے کا اضافہ ہوا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک دن میں ریکارڈ 10500 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سونے کی قیمت میں حالیہ اضافہ نہ صرف ایک دن میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے بلکہ اس کے بعد گولڈ پرائس ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات 28 جولائی کو فی تولہ سونے کی قیمت 10500 روپے بڑھ کر 162500 روپے رہی۔
24 قیراط سونے کی فی دس گرام قیمت 9003 روپے اضافے کے ساتھ 139318 روپے رہی۔
پاکستان میں رواں کاروباری ہفتے کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 16200 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔
انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران فی اونس سونے کی قیمت 29 ڈالر بڑھ کر 1750 ڈالر رہی۔
جمعرات کو پاکستان میں چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے اضافے کے ساتھ 1630 روپے جب کہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 25.72 روپے اضافے کے ساتھ 1397.46 روپے رہی۔
دریں اثنا جمعرات کو پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 3.92 روپے اضافے کے ساتھ 239.94 روپے ریکارڈ کی گئی۔
اردو نیوز سے گفتگو میں سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے نمائندہ عبداللہ عبدالرزاق چاند کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ چھ ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ کاروباری عمل مکمل ہونے کے بعد قیمتوں میں پھر سے اضافہ کرنا پڑا ہے۔‘
ان کے مطابق ’سونے کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ کی مقدار بڑھ جائے اور مقامی سطح پر بھی یہ قابل ذکر سطح کو پہنچ جائے تو نئی قیمتوں کا تعین کرنا پڑتا ہے۔‘ 
قبل ازیں آل پاکستان جم اینڈ جیولرز کے صدر حاجی ہارون رشید چاند کا کہنا تھا کہ سونے کی قیمت میں حالیہ اضافہ ڈالر کی قدر بڑھنے اور دیگر عوامل کے باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’عالمی مارکیٹ کے ٹرینڈز اور پاکستانی روپے کی مسلسل گراوٹ کی وجہ سے آئندہ دنوں میں سونے کی قیمت میں مزید اضافے کا قوی امکان ہے۔‘
سونے کی قیمت بڑھنے کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’بلند ترین قیمتوں کی وجہ سے صارفین کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے۔
نتیجے میں جیولری کی صنعت سے وابستہ ماہرین اور کاروباری شخصیات مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ یہ صورت حال برقرار رہی تو اس شعبے میں بیروزگاری کی تکلیف دہ لہر آسکتی ہے۔‘

شیئر: